ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / تمل نادو کے وزیر اعلیٰ اسٹالن کے بیٹے اُدے ندھی نائب وزیر اعلیٰ مقرر، حلف برداری 29 ستمبر کو

تمل نادو کے وزیر اعلیٰ اسٹالن کے بیٹے اُدے ندھی نائب وزیر اعلیٰ مقرر، حلف برداری 29 ستمبر کو

Sun, 29 Sep 2024 11:25:58    S.O. News Service

چنئی، 29/ستمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)تمل نادو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کے بیٹے اُدے ندھی اسٹالن کو ریاست کا نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ والد وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے اور بیٹا نائب وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ اس اہم اعلان کے ساتھ ہی ریاست کی ڈی ایم کے حکومت نے کابینہ میں دیگر اہم تبدیلیوں کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت سینتھل بالاجی کی ریاستی کابینہ میں دوبارہ شمولیت ہوئی ہے، جس سے سیاسی منظرنامہ میں نئی ہلچل دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے حوالے سے میڈیا میں آ رہی خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ گورنر ہاؤس سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اس نوٹیفکیشن میں اُدے ندھی کے نائب وزیر اعلیٰ بنانے کے علاوہ کچھ دیگر فیصلوں کی بھی جانکاری دی گئی ہے۔ مثلاً وزیر اعلیٰ اسٹالن نے سینتھل بالاجی، ڈاکٹر گووی چیزیان، آر راجندرن اور ایس ایم ناصر کو وزارتی کونسل میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے۔ گورنر نے ان سفارشات کو منظوری بھی دے دی ہے۔

موصولہ اطلاع کے مطابق نامزد وزراء کی حلف برداری کے لیے تاریخ اور وقت کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ اُدے ندھی اسٹالن بطور نائب وزیر اعلیٰ اور دیگر لیڈران وزارتی عہدہ کے لیے 29 ستمبر کی دوپہر 3.30 بجے چنئی واقع گورنر ہاؤس میں حلف لیں گے۔


Share: